نئی دہلی: آرمی چیف جنرل دلبیرسنگھ سوہاگ نے آج کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے مدنظر اگر حکومت فوج کو کسی طرح کی کارروائی کرنے کا حکم دیتی ہے تو وہ اس کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ جنرل سوہاگ نے آرمی ڈے کے موقع پر یہاں منعقد پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب میں کہا کہ پٹھان کوٹ حملے سے نمٹنے کے لئے چلائی گئی مہم پوری طرح فوج کی قیادت میں چلائی گئی اور یہ پوری طرح کامیاب رہی۔ اس میں عام شہریوں کی جان بچانے ، فوج کے جوانوں کو کم سے کم نقصان پہنچانے اور اسٹریٹجیک اثاثوں کو نقصان سے بچانے کے مقصد کو پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے دوران فضائیہ کے کم از کم دس ہزار لوگ پٹھان کوٹ ایربیس پر موجود تھے ۔ یہ ایک حساس مہم تھی اور اسے انجام دینے کے لئے پھونک پھونک کر قدم اٹھائے گئے ۔ یہی وجہ تھی کہ اس میں وقت لگا۔ اس مہم میں شامل دیگر اہلکاروں کو زمینی حالت کے مطابق فیصلہ لینے کی پوری آزادی دی گئی تھی۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ اس مہم کے دوران فوج کو بڑا نقصان ہوا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ مہم کے دوران کوئی بھی جوان ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے بکہا کہ اگر حکومت فوج کو کسی طرح کی کارروائی کا حکم دیتی ہے تو فوج اس کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔