برلن ۔فٹبال چمپئن لیگ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جرمن کلب بائرن میونخ نے انگلش کلب آرسنل کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی، جِس کے بعد میونخ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات کافی روشن ہو گئے ہیں۔برطانوی دارالحکومت لندن کے ایم
یرٹس اسٹیڈیم پر انیس فروری کے روز کھیلے جانے والے پہلے راؤنڈ کے میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد جرمن کلب بائرن میونخ اب گیارہ مارچ کو ہونے والے دوسرے لیگ کے میچ کے لیے کافی پْر امید ہے۔ دوسری جانب آرسنل کے مینیجر آرسنے وینگر بھی اِس لیے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں کہ جب پچھلی مرتبہ کچھ ایسی ہی صورتحال میں اْن کی ٹیم بائرن کے خلاف میونخ کے الائنس ایرینا میں اتری تھی، تو اْس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائرن کو دو صفر سے مات دے دی تھی۔بدھ کی شب کھیلے جانے والے میچ کے ابتدائی لمحات میں میزبان ٹیم حاوی رہی اور اْسے گول کرنے کے متعدد مواقع ملے تاہم بائرن میونخ کے گول کیپر مانوئل نویئر نے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کوئی گول نہ ہونے دیا۔ پہلے ہاف کے دوران دونوں ہی ٹیموں کو ایک ایک پینلٹی کک بھی ملی، جِسے دونوں ہی نے ضائع کر دیا۔ جرمن قومی ٹیم کے ترک نڑاد کھلاڑی آرسنل کے میسوٹ اوزل اِن دنوں کافی خراب فارم میں ہیں اور اْنہوں نے گول کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا۔ اسی طرح بائرن کے ڈیوڈ الابا نے بھی پینلٹی کک ضائع کردی اور یوں پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور صفر صفر سے برابر رہا۔ پہلے ہاف کے 37 ویں منٹ میں آرسنل کے گول کیپر کو باہر بھیج دیا گیا اور یوں اْسے بقایا میچ دس کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلنا پڑا، جِس کا مہمان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بائرن میونخ نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی اور 54 ویں منٹ میں مڈ فیلڈ کھلاڑی ٹونی کرْوز نے شاندار گول کر ڈالا۔ بعد ازاں اختتامی لمحات میں تھوماس موئلر نے اپنے سر کی مدد سے ایک گول کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا بلکہ آرسنل کے ہوم گراؤنڈ پر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔