لاہور: فٹبال میں فاؤل ہو گیا، حکام کی ٹیم پہ ٹیم آئی، ملک میں فٹبال میدان ویران ہونے کی طرح فٹبال ہاؤس سے سامان بھی غائب ہو گیا اور اب دوسرے راؤنڈ کی وِسل بجنے کو ہے۔ فٹبال میں پوزیشن کی طرح پنجاب فٹبال ہاؤس بھی فیصل صالح حیات کے بجائے ظاہر شاہ گروپ کے پاس ہے جبکہ عدالت کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہیں جو باضابطہ چارج لے چکے ہیں۔ اس کے بعد فیفا اور اے ایف سی ٹیم کی آمد اور ملاقاتوں کی خبریں ابھی میڈیا میں اِن ہی تھیں کہ پنجاب فٹبال ہاؤس کے سٹور سے بالز چوری ہو جانے کی گرما گرم خبر نے ماحول کو گرما دیا۔ اس حوالے سے ذرائع نے تو فٹبالز کے علاوہ قیمتی سامان کے بھی غائب ہونے کا انکشاف کیا، قائم مقام سیکرٹری پی ایف ایف ریٹائرڈ کرنل فراست شاہ نے کہا کہ پچھلی انتظامیہ نے چند بالز کے علاوہ سٹور میں چھوڑا ہی کچھ نہیں تھا۔ اس خبر پر تحقیقات ہی نہیں بلکہ اگلے راؤنڈ کی بھی وِسل بجا دی، کہا مالی خرد برد کیا ہوئی اور کون کون پی ایف ایف کی سہولیات سے لطف اندوز ہو رہا ہے سب کا حساب لیا جائے گا۔