ممبئی، 23 نومبر (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں اجیت پوار کا ہے۔
مسٹر پوار نے سنیچر کے روز ٹوئیٹ کرکے کہا کہ اس فیصلے میں میرا کوئی تعلق نہیں ہے، یہ اجیت پوار کا فیصلہ ہے ۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مہاراشٹر میں مسلسل دوسری مرتبہ سنیچر کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے والے دویندر فڈنويس کی قیادت والی حکومت میں اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ہے۔
دوسری جانب مسٹر فڈنویس نے کہا کہ ان کے پاس اکثریت کے لئے مکمل حمایت ہے اور اسی کی بنیاد پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں حلف دلایاہے ۔ انہوں نے حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ان کے پاس مکمل حمایت ہے اور ان کی حکومت پانچ برسوں تک چلے گی۔
ریاست میں اسمبلی انتخابات کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے حکومت کی تشکیل کے پیش نظر چل رہے تعطل کے درمیان جمعہ کی رات شیو سینا کی قیادت میں کانگریس اور این سی پی کی مخلوط حکومت بننے کی قیاس آرائیاں بڑھ گئیں تھیں لیکن سنیچر کی صبح صورتحال نے ڈرامائی موڑ لے لیا۔