لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر لکشمی کانت باجپئی نے ریاست میں ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے فیصلہ کی ہم عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کارکنان نے انتھک محنت کی پھر بھی نتائج ہمارے برخلاف رہے۔ ریاست میں برسر اقتدار سماج وادی پارٹی ووٹوں کو تقسیم کرانے میں کامیاب رہی۔ پارٹی ضمنی انتخابات کے نتائج کی سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی تیار کر کے کام کرے گی۔ ڈاکٹر باجپئی نے کہا کہ نتائج سے ہم فکر مند ضرور ہیں لیکن
مایوس نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو بی ایس پی کی بھی حمایت رہی جبکہ کانگریس بھی انتخابات میں رائے دہندگان کوگمراہ کرتے ہوئے اپنے اتحاد کی معاون سماج وادی پارٹی کی مدد کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پارٹی کی جانب سے ضمنی انتخابات میں جیتی گئی لکھنؤ مشرقی ، نوئیڈا و سہارنپور بلکہ بجنور، ٹھاکر دوارا، نگھاسن اور بلہا میں بھی پارٹی کو ۲۰۱۲ء کے اسمبلی انتخابات سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے لیکن سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس کے اندرونی اتحاد سے نتائج ہمارے خلاف رہے۔
ریاستی بی جے پی صدر نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کسی بھی عام انتخابات کی علامت نہیں ہیں۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ پارٹی کارکنان ضمنی انتخابات میں مایوس ہوئے بغیر پوری توانائی کے ساتھ اسمبلی انتخابات کی تیاری میں مصروف ہو جائیں گے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میںہم لوک سبھا انتخابات کے نتائج کی طرح فتح کا پرچم لہرائیں گے۔