لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ لوک سبھا انتخابات میں ہوئی زبردست شکست کے بعد ریاستی کانگریس نے اب عام آدمی تک پہنچ بنانے اور ان سے بات چیت کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پارٹی کی پالیسیوں کے ساتھ عوام سے بات کرنے کیلئے ریاستی یوتھ کانگریس نے تیاری شروع کر دی ہے۔ اس تیاری کے تحت جمعرات کو ریاستی صدر دفتر پر سوشل میڈیا ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ میں یوتھ کانگریسیوں کو سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے پارٹی کی تشہیر کرنے اور مخالفین کو روکنے کی جانکاری دی گئی۔ یوتھ کانگریس وسط زون کی جانب سے منعقد
ورکشاپ میں کانگریس سوشل میڈیا ٹیم کے رکن روہن گپتا، راہل پانڈے، رچت سیٹھ وغیرہ نے کارکنان کوجانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح سے سوشل میڈیا کا بہتر استعمال کر کے پارٹی کی پالیسیوں سے عام آدمی کوروشناس کرائیں۔ ورکشاپ میں فیس بک، ٹوئٹر، واٹس اپ و دیگر نیٹ ورکنگ سائٹس کے استعمال کا طریقہ و تکنیکی جانکاری اور مختلف سافٹ ویئر کی جانکاری دی گئی۔ ورکشاپ میں پروجیکٹر کے ذریعہ کارکنان کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی بتایا گیا۔ وسط زون کے صدر انکت پریہار نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ نوجوانوںکو ملک میں ہونے والے حادثات کی جانکاری پل بھر میں دی جا سکتی ہے۔اسی کے ساتھ سماج کو توڑنے والے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے والی طاقتوں کو بھی سخت جواب دیا جا سکتا ہے۔
ورکشاپ میں خاص طور سے سابق رکن پارلیمنٹ انو ٹنڈن، یوتھ کانگریس کے سکریٹری بی وی شری نیواس، مرکزی سکریٹری ڈاکٹر اما شنکر پانڈے، جنرل سکریٹری رمیش شریواستو، سوشل میڈیا انچارج شیو پانڈے، وسطی زون کے سوشل میڈیا انچارج عمران علی سمیت دیگر عہدیداران وبڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کے لوگ شامل تھے۔