سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک آپ کو اتنا زیادہ جانتی ہے جتنا آپ کے شریک حیات کو بھی معلوم نہیں ہوگا اور اس کی جانچ آپ اس دلچسپ آن لائن ٹول سے بھی کرسکتے ہیں۔
برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے محققین نے ایک کمپیوٹر پروگرام تیار کیا ہے جو کسی بھی صارف کے فیس بک لائکس کی مدد سے اس کی شخصیت کا خاکہ تیار کرسکتا ہے۔
ایپل اسپیشل ساس نامی اس ٹول کی مدد سے کسی فرد کی ذہانت، سیاسی اور مذہبی خیالات، زندگی سے اطمینان اور دیگر پہلوئوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
یہ کسی فرد کی صاف گوئی، ایمانداری یا حق شناسی، حالات سے مطابقت پیدا کرنا، لوگوں کے معاملات میں دلچسپی اور اعصابی طاقت جیسی پانچ شخصی عادات کا تجزیہ بھی کرتا ہے۔
یہ پروگرام صارفین کو بتاتا ہے کہ فیس بک ان کے بارے میں کیا کچھ جانتی ہے اور اس سے ان کی شخصیت کے بارے میں کیا اندازے لگائے جاسکتے ہیں۔
تاہم اس پروگرام ہر شخصیت کا بالکل درست تعین کرنے میں کامیاب نہیں ہوتا۔
اس اپلیکشن میں کسی صارف کے فیس بک لائکس کا موازہ دیگر افراد سے کیا جاتا ہے اور محققین کا کہنا ہے کہ اس سے لوگوں کے آن لائن رویوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ان کے ڈیٹا کی مدد سے فیس بک ان کے بارے میں کیا کچھ راز افشاء کرسکتا ہے۔
بس آپ کو اس اپلیکشن کی سائٹ پر جاکر فیس بک پر لاگ ان ہونا ہوگا جس کے بعد یہ صرف لائکس کا ڈیٹا اکھٹا کرے گی اور دیگر کوئی معلومات اپنے پاس اسٹور نہیں کرے گی۔
ایک بار جب یہ مکمل ہوجائے تو آپ اس میں زیادہ گہرائی میں جاکر بھی اپنی شخصیت کا تجزیہ کرسکتے ہیں۔