فیس بک نے آخرکار اپنے ایک فراموش کردہ یا غیر اہم فیچر نوٹس کو بہترین طریقے سے سجا سنوار کر پیش کردیا ہے جس میں صارفین طویل پوسٹس تصاویر لگانے کے بعد کرسکتے ہیں۔
جیسا سب کو معلوم ہے کہ فیس بک کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اس کے صارفین کسی بھی صورت کسی دوسری ویب سائٹ کا رخ نہ کریں اور اب وہ اپنے ایک انتہائی غیر اہم فیچر کو نیا روپ دے کر اسی حکمت عملی پر عمل کررہی ہے۔
فیس بک نے اپنے نوٹس فیچر کو ری ڈیزائن کرکے گزشتہ دنوں متعارف کرایا جو دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہے۔
فیس بک نے بنیادی طور پر اس فیچر کو بلاگز کی شکل دے دی ہے جس پر صارفین اپنے بلاگ تحریر کرکے نیوزفیڈ پر پوسٹ کرسکتے ہیں۔
فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق ہم نے نوٹس کے فیچر کو اپ ڈیٹ کیا ہے تاکہ صارفین کے لیے سائٹ پر طویل اسٹوریز پڑھنا اور لکھنا آسان ہوجائے۔
اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین اپنے نوٹ میں کور فوٹو سے سجا سکیں گے جبکہ انہیں اپنی تحریر کو نمبروں کی لسٹ، ہیڈر اور دیگر تحریری ٹولز میسر آسکیں گے جو اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں موجود نہیں۔
آپ اپنی تحریر کو بولڈ، انڈر لائن وغیرہ بھی کرسکیں گے جبکہ ان پر لنک بھی لگاسکیں گے۔
سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس اس کا فونٹ اور ایمیڈ تصاویر کا فنکشن اسے کسی بلاگ پوسٹ جیسا ہی بناتا ہے۔
فیس بک کو توقع ہے کہ اس طرح وہ اپنے صارفین کو زیادہ سنجیدہ موضوعات پر لکھنے پر قائل کرسکے گا جو کہ دیگر افراد کے لیے قابل یقین ہونے کے ساتھ طویل بھی ہوگا۔
تاہم سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ بلاگ نما تحریر کسی اور بلاگنگ پلیٹ فارم کی جگہ فیس بک پر ہی پوسٹ ہوگی۔
اور اگر اس کا انٹرفیس لوگوں کو بھا گیا تو ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ انہیں دیگر افراد تک پہنچانے کے لیے اس پوسٹ کو امبیڈ بھی کرسکیں گے جبکہ دوستوں وغیرہ کے ساتھ تو شیئر کر ہی سکتے ہیں۔