کئی بار آپ کو سمجھ نہیں آرہا ہوتا ہے کہ اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر کیا پوسٹ کریں؟ اگر ہاں تو فکر مت کریں اب فیس بک خود آپ کو موضوع کے بارے میں مشورہ دینے کے لیے تیار ہے۔
جی ہاں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ ایک حیرت انگیز فیچر متعارف کرانے والی ہے جس کے مطابق وہ آپ کو اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے لیے مختلف موضوعات کا مشورہ دے گی۔
یہ فیچر جسے ‘ سجیسٹڈ ٹاپکس’ کا نام دیا گیا ہے، اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔
اس فیچر کا مقصد ہی یہ ہے کہ آپ فیس بک پر زیادہ سے زیادہ پوسٹیں کریں، کچھ تحریر کریں یا دیگر دوستوں تک اپنا اسٹیٹس اپ ڈیٹ پہنچائیں۔
اگر آپ کے ذہن میں لکھنے کے لیے کچھ بھی نہیں تو فیس بک کا نیا فیچر آپ کو کسی نہ کسی قسم کا اشارہ ضرور دیدے گا۔
ابھی یہ تو اندازہ نہیں کہ فیس بک کے اس فیچر میں لوگوں کو کیا مشورے دیئے جائیں گے تاہم اندازہ ہے کہ کسی صارف کی اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے اس سے ملتے جلتے خیالات پر مبنی مشورے سامنے آئیں گے۔