فیس بک کے بانی مارک زیوکربرگ نے دنیا کو انٹرنیٹ کی سہولیات پہنچانے کے حوالے سے اپنے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔اپنی فیس بک پوسٹ میں مارک زیوکر برگ نے کہا کہ ہم خلاءسے انٹرنیٹ فراہم کرنے کے پہلے منصوبے کو شروع کرنے کا اعلان کررہے ہیں جو کہ ہمارے انٹرنیٹ ڈاٹ اور آرجی کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا کو کنکٹ کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اتصالات کے ساتھ شراکت داری سے ایک سیٹلائیٹ کو زمین کے مدار پر بھیج رہے ہیں جو کروڑوں افراد کو انٹرنیٹ سے منسلک کرے گا۔
مارک زیوکربرگ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران فیس بک نے ائیرکرافٹ اور سیٹلائیٹ کے ذریعے لوگوں تک انٹرنیٹ پہنچانے کے راستوں کو دریافت کیا تاکہ دور دراز کے خطوں میں افراد کو کنکٹ کیا جاسکے۔
ان کے بقول چونکہ ان جگہوں پر روایتی انفراسٹرکچر اکثر مشکل اور غیر اطمینان بخش ہوتا ہے اسی لیے نئی ٹیکنالوجیز کو ایجاد کرنے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اتصالات کے ساتھ نیا سیٹلائیٹ اموس سکس کو زمین کے مدار پر بھیجا جارہا ہے جو سب صحارن افریقہ کے بڑے حصے میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر ے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سیٹلائیٹ اس وقت زیرتعمیر ہے اور اسے 2016 میں خلاءمیں بھیجا جائے گا۔
مارک زیوکر برگ کے مطابق یہ انٹرنیٹ ڈاٹ او آرجی کے ساتھ ہمارے مشن کے اہداف کو حاصل کرنے کا آغاز ہے کیونکہ انٹرنیٹ زندگیوں اور برادریوں کو بدل کر رکھنے والی ٹیکنالوجی ہے اور ہم پوری دنیا کو کنکٹ کرنے پر کام کررہے ہیں۔