سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے صارفین کو گوگل استعمال کرنے سے روکنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
فیس بک کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جس کے ذریعے صارفین سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ سے ہی مطلوبہ مواد سرچ کرسکیں گے۔
یہ فیچر اس وقت آزمائشی بنیادوں پر امریکا میں منتخب صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور بہت جلد دنیا بھر کے صارفین کے سامنے بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اس وقت فیس بک پر کسی لنک کو شیئر کرنے کے لیے صارفین کو تو یا تو مطلوبہ سائٹ پر جاکر شیئر لنک کا بٹن کلک کرنا پڑتا ہے یا اس پیج کا لنک فیس بک پروفائل پر کاپی یسٹ کرنا پڑتا ہے۔
تاہم اب نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پسند کا مواد ٹائپ کرکے اسے فیس بک کے نئے ایڈ اے لنک بٹن کے ذریعے شیئر کرسکیں گے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ ہم بہت جلد ایڈ اے لنک نامی بٹن متعارف کرانے جارہے ہیں جس کے ذریعے صارفین فیس بک پر دیگر سائٹس کا مواد وہاں جائیں بغیر ہی شیئر کرسکیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے نتیجے میں صارفین کو گوگل یا دیگر سرچ انجنز پر مواد تلاش کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔