فیض آباد:روناہی تھانہ حلقہ کے دھنی پور کے نزدیک تیز رفتار بولیرو گاڑی نے سبزی تاجر کو کچل دیا۔جائے حادثہ پر ہی سبزی تاجر کی موت ہوگئی۔اطلاع کے مطابق ٹھیلے پر سبزی فروخت کرکے گھرواپس جارہے ۳۸سالہ سرفراز موریہ ولد چھوٹے لال ساکن موضع دھنی پور گذشتہ رات گھر لوٹ رہاتھا تبھی تیز رفتار بولیرو نے اسے کچل دیا۔سبزی تاجر کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔روناہی تھانہ انچارج بھرت راج سنگھ نے بتایاکہ حادثہ کرنے والی گاڑی کو پکڑلیاگیاہے مگر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔دوسری جانب رام گھاٹ ہالٹ ریلوے اسٹیشن پر گونڈہ سے آرہی پسنجر ٹرین سے اترتے وقت ضعیفہ حادثہ کا شکار ہوگئیں۔ضعیفہ کو علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاںان کی موت ہوگئی۔اطلاع کے مطابق ۶۵سالہ کملادیوی بیوی جگدمباپرساد پانڈے ساکن سربھیا تھانہ موتی گنج ضلع گونڈہ کنبہ کے ساتھ پسنجر ٹرین سے اجودھیا بچہ کا منڈن کرانے آرہی تھی۔رام گھاٹ ہالٹ ریلوے اسٹیشن پر دھیمی رفتار سے چل رہی ٹرین سے اترتے وقت ضعیفہ پھسل کر پٹری کے درمیان میں گرگئی اور ٹرین کی زد میں آنے سے اس کے دونوں پیر کٹ گئے۔سماجوادی ایمبولنس سے ضعیفہ کو ضلع اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔