لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آشیانہ علاقہ میں اٹھائیس جنوری کی رات لوٹ مار کے دوران خاتون زیورات تاجر ممتا کا قتل کرنے والے بدمعاش شکتی بھوشن کو سائبر کرائم سیل اور آشیانہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے گزشتہ شب گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے چوری کی ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔ ملزم بدمعاش پرپانچ ہزار روپئے کے انعام کا بھی اعلان تھا۔
ایس پی مشرق روہت مشر نے بتایا کہ آشیانہ پولیس اور سائبر کرائم سیل کی مشترکہ ٹیم نے سنیچر کی دیر رات سرویلانس کی مدد سے اینٹا منڈی چوراہے کے نزدیک سے ایک موٹر سائیکل سوار مشتبہ نوجوان کو پکڑا۔ شک ہونے پر جب سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو ملزم نے بتایا کہ مذکورہ موٹر سائیکل چوری کی ہے۔ پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنا نام عالم باغ کا شکتی بھوشن بتایا۔ شکتی بھوشن نام سنتے ہی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ شکتی بھوشن پر پانچ ہزار روپئے کے انعام کا اعلان تھا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے پانچ ہزار روپئے بھی ملے۔ پوچھ گچھ کی گئی تو
اس نے اٹھائیس جنوری کی رات اپنے دوست نکھل سونکر کے ساتھ مل کر خاتون زیورات تاجر ممتا کا لوٹ مار کے دوران قتل کرنے کی بات قبول کی۔ خاتون تاجر قتل کے معاملہ میں بارہ فروری کو آشیانہ پولیس نے نکھل سونکر کو گرفتار کیا تھا جبکہ شکتی بھوشن فرار چل رہا تھا۔ وہیں ملزم شکتی بھوشن نے ۲۲؍جنوری کو مانک نگر علاقہ میں بھی زیورات تاجر دو بھائیوں سے لوٹ مار کی بات بتائی ہے۔ ملزم شکتی بھوشن کے خلاف راجدھانی کے کئی تھانوںمیں ایک درجن سے زیادہ معاملے درج ہیں۔ ملزم نے کئی علاقوں میں چین اسنیچنگ کی واردات انجام دینے کی بات بھی قبول کی ہے۔