لکھنؤ، مارچ 11 (یو این آئی)دن دھاڑے پٹرول پمپ کے ایک مالک اور ایک جونئیر انجینئر کے قتل سے ریاستی راجدھانی سہم گئی ہے۔ وزیر گنج تھانہ میں ندی کے کنارہ واقع کالونی میں 64 سالہ مہیندر بہاری ترویدی کوان کے گھر کے باہر مجرموں نے گولی مار کر ہلاک کردیا جس کے بعد کل دوپہر سے تمام پٹرول اور ڈیژل پمپوں نے ہڑتال کررکھی ہے۔ مجرمین نے مقتول سے ایک تھیلا بھی چھین لیا جس میں 13 لاکھ روپئے تھے۔قتل کے ایک دوسرے واقعہ میں جل سنستھان کے ایک جونیر انجینئر ستیہ نرائن ورما کو کل اندرا نگر میں نامعلوم مجرموں نے گولی مارکر ہلاک کردیا۔ جرم کے بعد ریاستی راجدھانی کے انجینئروں نے مجرمین کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ دریں اثنا، اپوزیشن سیاسی پارٹیوں نے لکھنؤ میں اچانک بڑھتے جرائم کے لئے اکھلیش یادو حکومت پر تنقید کی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے آج اپنے ایک بیان میں الزام لگایا کہ ریاست میں قانون وانتظام کی صورت حال بد سے بدتر ہو چکی ہے اور ایس پی حکومت اسے روکنے میں ناکام ہوگئی ہے۔جب مجرمین کا تعلق حکمراں سیاسی پارٹی سے ہے تو پھر صورت حال کو کون کنٹرول کرے گا‘‘۔