لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گوسائیں گنج علاقہ میں گزشتہ تیس جنوری کو کسان کے قتل کے معاملہ میں مفرور اس کے چچا زاد بھائی کو گوسائیں گنج پولیس نے وزیر گنج علاقہ سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے قتل میں استعمال لائسنسی بندوق کو بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس معاملہ میں ملزم کے باپ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ گوسائیں گنج کے پسکرا گاؤں میں کسان فرقان (۳۲) کو تیس جنوری کی صبح حسن گنج کے مدح گنج کے باشندے اور اس کے چچا طیب اور اس کے بیٹے عمران نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ واردات کے بعد پولیس نے ملزمین کی کار کو بھی برآمد کر لیا تھا۔ اس معاملہ میںپولیس نے فرقان کے چچا کو قتل کے کچھ دن کے بعد گرفتار کرلیا تھا جبکہ عمران مفرور تھا۔ سنیچر کو گوسائیں گنج پولیس نے سرولانس کی مدد سے ملزم عمران کوشہید اسمارک کے قریب سے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے عمران کی نشاندہی پر واردات میں استعمال لائسنسی بندوق بھی برآمد کرلی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم طیب اور اس کے بیٹے عمران نے دشمنی کے سبب فرقان کو قتل کر دیا تھا۔