پرتاپ گڑھ:اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے سیشن جج انیل کمار کی عدالت نے قتل کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے شواہد کی بنیاد پر قصوروار ثابت ہونے کے سبب ایک ہی کنبے کے چار ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
استغاثہ کے بموجب 23/ اکتوبر 2011 کو تھانہ انتوں علاقے کے پورے چنچولی مزرعہ گوبری کے ودیہ دھر چوراہے پر داڑھی بنوانے گئے تھے جہاں ان پر لاٹھی کلہاڑی سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا تھا،مقتول کے بیٹے اکھلیش نے گاوُں کے راجا رام مشرا ،جگدیش مشرا ،اجے مشرا اور وجئے مشرا سمیت چار لوگوں کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرائی۔
پولس نے چاروں ملزمان کے خلاف فردجرم عدالت میں داخل کی ، عدالت نے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کی دلیل سننے کے بعد شواہد کی بنیاد پر ملزم راجا رام مشرا،جگدیش مشرا،اجے مشرا اور وجئے مشرا سمیت چاروں کو قصوروار ثابت ہونے پر عمر قید اور چھ چھ ہزار روپیہ جرمانہ کی سزا سنائی ۔
جرمانہ کی رقم میں سے دس ہزار روپیہ مقتول کی بیوہ کو دینے کا حکم دیا۔جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے پر مزید سزا کاٹنی ہو گی ۔