اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون کرکے حالیہ زلزلے میں ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی ہے۔
اس بات کا اظہار ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔
نریندار مودی کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے نیپال میں ہندوستان کی جانب سے کیے گئے ریسکیو آپریشن کی تعریف کی، جس پر انھوں نے نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ 25 اپریل کو نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں 7.9 شدت کا شدید ترین زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں اب تک ساڑھے 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔
زلزلےکی لپیٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ ساتھ چینی علاقہ تبت بھی آیا۔ ہندوستان میں زلزلے کے باعث 61 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ چین کے مطابق تبت میں بھی 20 لوگ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے، تاہم پاکستان میں محسوس کیا جانے والا زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا۔
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کو ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے سارک ممالک کے ڈاکٹروں اور ریسکیو ٹیموں کی ہرسال مشترکہ مشقیں کرنے کی تجویز دی، تاکہ قدرتی آفت کی صورت میں کم سے کم نقصان ہو۔