لکھنؤ(بیورو)قدیم لکھنؤ میں واقع تاریخی عمارتوں کی مرمت و تزئین کاری کو وقت پر مکمل کرنے کیلئے آج ایک بار پھر افسران کو انتباہ دیاگیا ہے۔ اس بار چیف سکریٹری آلوک رنجن نے الٹی میٹم دیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اسی شرط پر پرنسپل سکریٹری ہاؤسنگ سداکانت اور پرنسپل سکریٹری صنعتی ترقی سنجیو س
رن کو دوبارہ محکموں کی ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ مقررہ وقت میں ہی ان کاموںکو مکمل کرائیںگے۔
چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ لکھنؤ شہر کو صاف و خوبصورت بنانے کیلئے تاریخی عمارتوں کی مرمت کا کام ترجیحی بنیاد پر کرایا جائے۔ ان عمارتوں میں لائٹ کا بندوبست وقت سے ہر حال میںمکمل کرایا جائے۔ شہر میں آمدو رفت کیلئے گومتی ندی کے دونوں جانب پختہ سڑک کی تعمیر کرائی جائے۔ دریائے گومتی کی تزئین کاری کیلئے وسیع منصوبہ پرنسپل سکریٹری ہاؤسنگ کی صدارت میں تشکیل کمیٹی جلد ازجلد پیش کیا جائے۔ چیف سکریٹری آج اپنے دفتر میں لکھنؤ شہر کی تزئین کاری سے متعلق افسران کے ساتھ جلسہ کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے لکھنؤ میں واقع تاریخی عمارتوںشیش محل کے مین گیٹ کی تعمیر، ستکھنڈا پارک، گھنٹہ گھر اور پکچر گیلری پارک کی تزئین کاری کا کام دسمبر ماہ تک ہر حال میں مکمل کرا دیا جائے۔ حسین آباد وارڈ میں درگا دیوی مارگ پر واقع شیش محل تالاب کی تزئین کاری کا کام ۷۵فیصد مکمل ہوجانے کے بعد بقیہ کام کو دسمبر تک معیار کے ساتھ ضرور مکمل کرا دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلے والی مسجد سے جامع مسجد موڑ تک سڑک کو چوڑا کرنے اور تزئین کاری ، گھنٹہ گھر تالاب و پکچر گیلری کی تزئین کاری کا کام مارچ ۲۰۱۵ تک مکمل ہوجانا چاہئے۔
انہوںنے کہا کہ لکھنؤ میں ہارڈنگ برج کے اپ اسٹریم میں گومتی ندی کے داہنی جانب پشتے کے ۸۷۰۔۱کلومیٹر پر مہدی گھاٹ کی تعمیرکا کام مقررہ مدت میںمکمل کرایا جائے۔ ٹیلے والی مسجد کی باہری چہار دیواری کو اونچا کرانے اور گیٹ و گرل لگانے اور عیدگاہ عیش باغ کی باقی رہ گئی اندرونی سڑکوں پر سی سی اور چہاردیواری کی رنگائی وپتائی کا کام ایل ڈی اے وقت سے مکمل کرے۔ جلسہ میں پرنسپل سکریٹری ہاؤسنگ سداکانت، منطقائی کمشنر لکھنؤ مہیش کمار گپتا، وائس چیئر مین ایل ڈی اے بھونیش کمار، ضلع مجسٹریٹ لکھنؤ راج شیکھر موجود تھے۔