لکھنؤ:جب تک انسان اپنی سوچ کو آگے نہیں بڑھائے گا تب تک کسی معاشرہ کی کامیابی ممکن نہیں ہے۔ یہ بات آج یہاں امام باڑہ آغاباقر میں ڈاکٹر کاظم علی خاں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے منعقد خمسہ کی تیسری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا حبیب حیدر نے کہی۔
تیسرے دن ’حی علیٰ الفلاح‘ کے عنوان سے منعقد مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ انسان جب تک اپنے دماغ کو کامیابی کی جانب گامزن نہیں کرے گا۔ تب تک کسی بھی معاشرہ کو کامیابی نہیں مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ہر انسان کے سمجھنے کیلئے دنیا میں آیا ہے جسے سبھی کو اپنے دلوں میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ قرآن کی روزانہ تلاوت کرنا چاہئے اور اس کی باتوں پر غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کتاب ہمارے درمیان بڑی مشکلوں سے پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو انسان کی ہدایت کیلئے دنیا میں بھیجا ہے۔ اسلام اور قرآن نے ہر موقع پر انسانی زندگی کو ترقی کا راستہ دکھایا ہے۔