نئی دہلی:محکمہ انکم ٹیکس اور دہلی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے قرول باغ کے علاقے کے ایک ہوٹل میں چھاپہ مار کر پانچ لوگوں سے ساڑھے تین کروڑ روپے قیمت کے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ ضبط کیے ہیں۔اس چھاپہ کل رات مارا گیا۔
کرائم برانچ کے جوائنٹ کمشنر روندر یادو نے بتایا کہ گرفتار شدہ پانچ افراد کے نام انصاری ابوزر ، فضل خان، انصاری افان ، لاڈورام اور مہاویر سنگھ ہیں۔ گرفتار لوگوں میں لاڈو رام اور مہاویر سنگھ راجستھان کے ہیں جبکہ تین دیگر ممبئی کے رہنے والے ہیں۔مسٹر یادو نے بتایا کہ منگل کی رات کو قرول باغ کی مشہور چنئی مارکٹ کے ہوٹل ‘تکش ان’ میں ایک اطلاع کی بنیاد پر یہ چھاپہ مارا گیا اور نوٹ برآمدي کئے گئے ہیں۔
نوٹ سوٹ کیس اور کارٹن میں بھرے ہوئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ برآمد نوٹ ممبئی میں واقع کچھ حوالہ کاروباریوں کے بتائے جا رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ پوچھ گچھ میں گرفتار لوگوں نے بتایا کہ وہ دہلی، ممبئی اور دیگر کچھ بڑے شہروں کے حوالہ کاروباریوں کے لئے کام کرتے ہیں۔
گرفتار لوگوں نے دعوی کیا کہ وہ نوٹوں کی پیکنگ کرنے کے ماہر ہیں اور یہ پیکنگ اس طریقے کی جاتی ہے کہ ہوائی اڈوں پر بھی اسکیننگ مشینوں کی پکڑ میں نہیں آتی۔ پیکنگ میں خاص طرح کی ٹیپ اور تار استعمال کیے جاتے ہیں جو اسکیننگ مشینوں میں نظر نہیں آتے ۔ نوٹوں کی منسوخی کے بعد دارالحکومت میں کرائم برانچ کا یہ دوسرا چھاپہ ہے ۔
اس سے پہلے گریٹر کیلاش میں ہفتہ کو ایک لاء فرم پر چھاپہ مار کر ساڑھے تیرہ کروڑ روپے قیمت کے نئے اور پرانے نوٹ ضبط کئے گئے تھے ۔