قطر۔ 18 فروری (یواین آئی) خلیجی ملک قطر میں گزشتہ دو برسوں کے دوران 450 سے زائد ہندوستانی مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ حق معلومات کے تحت اس کے تعلق سے طلب کی گئی تفصیلات میں قطر نے ہندستانی سفارتخانہ کی جانب سے 2012 اور 2013 کے 11 مہینوں کے اعداد و شمار مہیا کرائے ہیں جن کے مطابق گزشتہ برس ہر مہینے تقریباً 20 ہندستانی مزدور مارے گئے اور اگست مہینے میں یہ تعدا دسب سے زیادہ 27 رہی۔سال 2012 میں مجموعی طورپر 237 اور اس کے بعد پانچ دسمبر 2013 تک 213 مزدور ہلاک ہوئے۔ سفارتخانہ کی جانب سے مہیا تفصیلات میں ان ہندستانی مزدوروں کی موت کے اسباب نہیں بتائے گئے ہیں اور یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ اموات کس جگہ پر ہوئیں۔غیر اقامتی ہندستانی مزدوروں کے علاج کے تعلق سے ہندستانی سفارتخانہ اور حکومت ہند کے درمیان ہوئی خط و کتابت کی تفصیل بھی نہیں بتائی گئی ہے۔
ذہن نشیں رہے کہ 2022 قطر میں عالمی فٹبال کپ کا انعقاد ہونا ہے جس کے لئے اس پر تیزی سیعمارتیں تعمیر کرانے کا دباؤ ہے اور اس کام کو جنوب ایشیا سے آنے والے مزدور نہایت خراب حالات میں انجام دے رہے ہیں جس پر قطر میں انسانی حقوق کے تعلق سے سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نومبر میں کہا تھا کہ فٹبال کپ کے لئے عمارتیں مکمل کرانے کے لئے جنوب ایشیا سے آنے والے مزدوروں سے جانوروں کی طرح کام لیا جارہا ہے۔ تنظیم نے فٹبال منعقد کرانے والی ادارہ فیفا سے گزارش کی تھی کہ غیرملکی مزدوروں کے کام کے حالات میں بہتری لانیکے لئے وہ قطر پر دباؤ ڈالے۔