سبزیوں کی طرح پھل بھی منرلز، وٹامنز اور انزائمز کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں کیونکہ یہ باآسانی ہضم ہو جاتے ہیں۔ ان میں الکلائین خصوصیات زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ نہ صرف جسمانی نشوونما میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ صحت مند زندگی کے ضامن بھی ہوتے ہیں۔ یہ بہت زیادہ پاور فل ہو جاتے ہیں جب انہیں کچا کھایا جائے۔ ان میں پائے جانیوالے اجزاء سے حاصل ہونیوائی توانائی دن بھر کام کاج کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے اور تھکاوٹ یا کمزوری جیسی شکایات
نہیں ہوتیں۔ تازہ پھلوں کے رس جلد کی تروتازگی اور چمک برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین صحت و غذائیت کے مطابق اپنی روزمرہ خوراک میں پھلوں اور سبزیوں کا اندراج کرنے سے بیماریوں اور امراض سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ پھلوں کی ساخت، رنگت، خوشبو اور ذائقہ تسکین و راحت کا سبب بنتے ہیں۔ پھل خواہ بیج والا ہو یا بیج کے بغیر ان کی تاثیر اور افادیت اپنی جگہ مسلّم ہے لیکن ان کا استعمال بھی باقاعدگی سے کرنا چاہئے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پھل اور سبزیاں انسانی صحت کیلئے مفید ہوتی ہیں لیکن پھلوں اور سبزیوں کا ایک ایسا گروپ بھی ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس گروپ میں وہ تمام پھل اور سبزیاں شامل ہوتے ہیں جن کی رنگت پیلی اور نارنجی مسائل ہوتی ہے۔
پپیتا بھی اسی گروپ کا ممبر ہے جس میں اینٹی آکسیڈنٹس، کیروٹینائیڈز اور بائیو فلیوونائیڈز کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے۔ تربوز کی shape کا یہ پھل ۲۸۔۱۰۰ سینٹی میٹر لمبا ہوتا ہے۔ اس کی بیرونی جلد سبز رنگ کی ہوتی ہے۔ پھل کے اندر چھوٹے چھوٹے درجنوں کالے رنگ کے بیج ہوتے ہیں۔ سارا سال دستیاب ہونے والے اس سدابہار پھل کا زیادہ تر استعمال موسم گرما میں کیا جاتا ہے۔ غذائی اعتبار سے یہ پھلوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ پکا ہوا پپیتا پھل اور کچا بطور سبزی استعمال ہوتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی، ای، فاسفورس، پوٹاشیم، کیلشیم، کاربوہائیڈریٹ اور دیگر غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت پر موثر اثرات مرتب کرتے ہیں۔ پپیتا قبض کشاء پھل ہے جس میں فائبر کی موجودگی کولیسٹرول لیول کم کرنے کا سبب بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق دو یا تین دن تک اگر پپیتے کا متواتر استعمال کیا جائے اور اس دوران کوئی اور غذائی اشیاء استعمال نہ کی جائیں تو یہ معدے اور آنتوں پر ٹانک اثرات مرتب کرے گا۔ا یتھروسکلیروسس ذیابیطس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے بہترین پھل تصور کیا جاتا ہے۔ طبّی طور پر پپیتے کے فوائد اہمیت کے حامل رہے ہیں۔ تلی اور جگر کے مریضوں کیلئے اکسیر اور بواسیر میں مفید ہے۔ اس کا شربت سینے کی بلغم نکالنے میں معاون کردار ادا کرتا ہے۔ پپیتے کا چھلکا اور اس کے پتے چوٹ یا زخم کی سوزش ختم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ لیکن کچے پھل کے استعمال سے خواتین میں اسقاط حمل ہو سکتا ہے۔ پپیتے میں پائے جانیوالے ایک مرکب کے حوالے سے مختلف تجربات سے بھی یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ مرد حضرات میں بانچھ پن کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے اگر پپیتے کا ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جائے۔