قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند کے زیر اہتمام اردو کی کلاسکی شخصیات پر مبنی آدیو ویڈیو ریکارڈنکس کے موضوع پر ایک میٹنگ کا انعقاد فروغ اردو بھون میں کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی نے کی اور ماہرین کا استقبال کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے کیا۔ اپنے صدارتی کلمات میں پروفیسر وسیم بریلوی نے کہا کہ کونسل اردو کی نامور عبقری شخصیات بالخصوص شعرا و ادبا کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنکس کے سلسلے میں خاصی کوشش کرتی رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کمپیوٹر ٹکنالوجی کے اس دور میں آڈیو ،ویڈیو ریکارڈنکس کی اہمیت خاصی بڑھ جاتی ہے اس لےے کونسل ان نایاب ریکارڈنکس کے حصول کی کوشش کر رہی ہے انھوں نے کہا کہ ان ریکارڈنکس کی مدد سے محبان اردو اب اپنے پسندیدہ کلاسیکی شعرا و ادبا کو سن اور دیکھ سکیں گے۔ میٹنگ کی غرض غایت بتاتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے کہا کہ کونسل حالیہ دنوں میں اس تعلق سے خاصی کوشش کرتی رہی ہے اور اس کوشش کے نتیجے میں کونسل اب اردو پورٹل لانے کی تیاری کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کونسل اشتہارات و اپیلوں کے ذریعے ملک بھر سے اس قسم کی نادر و نایاب ریکارڈنکس جمع کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ انھوں نے محبان اردو سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ وہ نادر و نایاب ریکارڈنکس کے حوالے سے کونسل سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں ۔ کونسل اس کے اخراجات بھی برداشت کرے گی ،
انھوں نے کہا کہ اب تک جگر مرادآبادی سمیت دیگر شعرا کے کلام کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنکس موصول ہوئی ہیں، جنھیں جلد ہی اردو پورٹل کے ذریعے منظر عام پر لایا جائے گا۔ میٹنگ میں دوردرشن کے سابق ڈائرکٹر جناب بشارت احمد اور روزنامہ انقلاب کے مدیر جناب شکیل حسن شمسی اور دوردرشن کے اردو مشیر ڈاکٹر ایم رحمت اللہ اور ریڈیو جامعہ کے مدیر جناب شکیل اختر نے شرکت کی اور اس تعلق سے کونسل کو اپنی آرا پیش کیں ۔ان ماہرین نے کونسل کے اس قدم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس قدم سے نئی اردو نسل کو نہ صرف خاصا فائدہ ہوگا بلکہ آنے والی نسلیں بھی اس سرماےے سے مستفید ہوتی رہیں گی۔ انھوںنے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم قدم ہے اور وقت کی ضرورت بھی ہے۔میٹنگ میں کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے بھی شرکت کی۔