وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی،حکومت ہندکے تعاون سے قومی کونسل کمپیوٹر سینٹروںکے 10ہزار اردو طلبا کو روزگارسے جوڑنے کی نئی مہم کا آغاز
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، حکومت ہند نے قومی اردو کونسل کو ایک نیا پروجیکٹ تفویض کیا ہے۔ جناب کپل سبل نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اردو بولنے والے علاقے اور افراد کو روزگار سے جوڑنے کے لیے اس پروجیکٹ کو منظوری دی۔ یہ پروجیکٹ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرونک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی(NIELIT)، چندی گڑھ کے باہمی اشتراک سے شروع کیا جائے گا،اس پروجیکٹ کے ذریعے پورے ہندستان میں موجود قومی اردو کونسل کے CABA-MDTP کے مراکز میں تعلیم حاصل کررہے 10ہزار طلباکو الیکٹرانک اور اردو تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔
اس عظیم مقصد کی تکمیل اور مربوط لائحہ¿ عمل طے کرنے کے لیے ہندوستان بھر سے ماہرین کو کونسل کے صدر دفتر’ فروغ اردو بھون‘ میں مدعو کیا گیا۔
اس پہلی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی نے آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال دیوالی کی مبارکباد کے ساتھ کیا۔ انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل کی اب تک کی کارگزاریوں کا مقصد اردو کے طلبا کو ماڈرن تکنیک سے جوڑ کر زمانے کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا نہ صرف اس عہد کی ضرورت ہے بلکہ اردو زبان کو روزگار سے جوڑنا ہمارا اولین فرض بھی ہے اردو زبان سے جڑے ہر ایک فرد کے لےے یہ ایک اہم قدم ہے ۔اس پروجیکٹ کے لیے وائس چیئرمین نے جناب کپل سبل کا شکریہ ادا کیا، جن کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے یہ پروجیکٹ ملا۔
کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے اس خاص موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کونسل اپنے کمپیوٹر سینٹروں میں کمپیوٹر اور اردو کی تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار سے جڑی الیکٹرانک تعلیم اور ٹریننگ کا بھی اہتمام کررہی ہے۔ یہ ہمارے لیے بہت ہی فخر کی بات ہے کہ اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کی مہم پر ہمارا کارواں رواں دواں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم اردو کے ہر ایک طالب علم کو روزگارکے بہتر مواقع فراہم کریں اور ان میں خود شناسی اور خود اعتمادی کو فروغ دیں اورقومی اردو کونسل نے فروغ انسانی وسائل کے mandate کے مدنظر انسانی وسائل کی دستیابی کو اپنا مقصد بنایا ہے۔انھوں نے سینٹرل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیر موصوف جناب کپل سبل کا شکریہ ادا کیا۔
میٹنگ کی ابتدا میں کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر محترمہ شمع کوثر یزدانی نے کونسل کا ایک مختصر تعارف پیش کیا اور اس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔
اس پروجیکٹ “Skill development in Electronic Hardware”کی شروعات پہلے 50 سینٹروں میں کی جائے گی۔ 10ہزار اردو طلبا اس ٹریننگ کا حصہ ہوں گے۔ ہر سینٹر سے 40طلبا کو داخلہ دیا جائے گا کونسل کے CABA-MDTP سینٹروں میں پہلے سے کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کررہے طلبا کو خود کفیل بنانے کے مقصد سے یہ تربیت دی جارہی ہے۔ یہ تربیتی پروگرام ہندوستان میں ابتدائی طور پر پانچ ریاستوںیوپی، بہار، جھارکھنڈ، جموں کشمیر اور دہلی میں شروع کیا جائے گا۔ اس میں خاص کر معاشی طور پر کمزور اور محدود وسائل سے دوچار، دیہی علاقوں میں بسنے والے اردو طلبا توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس پروجیکٹ کا سب سے بڑا فائدہ اس طبقے کو پہنچے گا جو خود اپنا کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ NIELIT نے ایک ایسا نصاب تیار کیا ہے جس کے ذریعے فوری روزگار مل سکے گا۔
ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے ماہرین کے مفید مشوروں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرانا چاہتے ہیں جہاں اردو طلبا خود کفیل بن سکیں۔ آج کی اس میٹنگ میں جےاینیو کے ڈاکٹر ڈیکے لوبیال، ڈاکٹر اےکےدیویدی، ڈائرکٹر NIELIT، چنڈی گڑھ، ڈاکٹر ایمپیپلئی، ڈائرکٹر NIELIT، چنڈی گڑھ، ڈاکٹر سنجیو گپتا، جوائنٹ ڈائرکٹر NIELIT، چنڈی گڑھ، پروفیسر سیکے دیویدی، الہٰ آباد، جناب ڈیکےجین، پنجاب، جناب روہت مہرہ، نئی دہلی، جناب بی رویندر، نئی دہلی، ڈاکٹر محمد یوسف، نئی دہلی، جناب اے خاں، نئی دہلی، جناب سید محمد احمد، جناب تبریز احمد، نئی دہلی، محترمہ سنیتا گوئل، ایڈیشنل ڈائرکٹر NIELIT، چنڈی گڑھ، ایم آئی صدیقی اور قومی اردو کونسل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر جناب کمل سنگھ، جناب فیروز احمد، جناب اجمل سعید نے بھی شرکت کی۔