لکھنؤ:چیف سکریٹری جاوید عثمانی نے ہدایت دی ہے کہ قومی فیملی فلاحی اسکیم اور دیگر اسکیموں کے تحت دی جانے والی پنشن اسکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر یقینی بنا کر زیادہ سے زیادہ اہل افراد کو مستفید کرایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ہر اہل شخص سے پنشن کیلئے آن لائن درخواستیں طلب کی جائیں اور آن لائن ہی درخواستوں کا نمٹارہ ، ڈاٹا بیس اور ضلع و گاؤں کے حساب سے مستفیدین کو درج فہرست کرایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں ہر حالت میں پنشن کی ہر اسکیم کے تحت مستفید افراد کے کھاتے میں پنشن کی رقم براہ راست منتقل کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود، خواتین بہبود، معذور بہبود اور پسماندہ طبقہ بہبود اور اقلیتی بہبود محکمے کی جانب سے دی جانے والی پنشن اسکیم کے ذریعہ فراہم بجٹ کے مطابق زیادہ سے زیادہ اہل افرادکو مستفید کرانے کیلئے مہم چلائی جائے۔
مسٹر جاوید عثمانی آج یہاں شاستری بھون میں ترقیاتی ایجنڈہ کے تحت مختلف محکموں کی جانب سے دی جانے والی پنشن اسکیموں کاجائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضعیفی پنشن اسکیم میں ۸۳لاکھ اہل مستفیدین کی تعداد دستیاب بجٹ کے مطابق تقریباً پانچ لاکھ اضافی لوگوں کو مستفید کرنے کیلئے مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہر اسکیم کے تحت فراہم رقم سے زیادہ سے زیادہ اہل افراد کو مستفید کرانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حالت میں اہل افراد مستفید ہونے سے رہ نہ جائیں۔ جلسہ میں پرنسپل سکریٹری سماجی بہبود سنیل کمار، سکریٹری اقلیتی بہبود دیویش چترویدی، سکریٹری خواتین بہبود کامنی رتن چوہان، سکریٹری ایس پی گوئل سمیت دیگر سینئر افسر موجود تھے۔