لکھنؤ:قیصر باغ بس اڈے کے اندر کھڑی روڈویز کی ایک رجسٹرڈ بس میں دیر رات اچانک آگ لگ گئی۔ ایس ایس آئی وزیر گنج ہری اوم نے بتایا کہ قیصر باغ بس اڈہ پر کھڑی بس نمبریو پی ۳۲ٹی۱۴۰۱میں اچانک آگ لگ گئی جس سے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر وزیر گنج پولیس اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ آگ سے بس میں کافی نقصان ہوا ہے۔ بس مالک گنگا پرساد کا الزام ہے کہ بس میں جان بوجھ کر آگ لگائی گئی ہے وہیں وزیر گنج پولیس کی دلیل ہے کہ بس میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔
کچھ ماہ قبل بھی اسی طرح بس اڈہ میں کھڑی ایک بس میں کچھ لوگوں نے رنجش کی وجہ سے آگ لگا دی تھی۔ مذکورہ معاملہ میں وزیر گنج کوتوالی میں رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی۔ فی الحال مذکورہ معاملہ میں ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔