لارا دتہ بالی وڈ کی ان ہیروئینوں میں شامل ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ یا بعد میں فلم پروڈکشن کے میدان میں اتریں ۔ دو ہزار گیارہ میں لارا دتہ نے فلمسازی کے میدان میں قدم رکھا اور ان کے پروڈکشن میں پہلی فلم چلو دلی بنی ۔ یہ فلم بہت ہٹ ثابت ہوئی ۔ اس سے لارا دتہ کو کافی حوصلہ ملا ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے اس فلم کا سیکول بنانے کا ارادہ کیا ۔ چلو دلی کا سیکول ہوگا’چلوچائنا‘ ۔سولہ اپریل انیس سو اٹھہتر کو اترپردیش کے غازی آباد شہر میں پیدا ہوئی لارا دتہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ماڈل انیس سو پنچانوے میں کیا ۔ دو ہزار میں وہ مس یونیورس ٹائٹل سے نوازی گئیں ۔ بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز انہوںنے دو ہزار تین میں فلم ’انداز‘ سے کیا ۔ اس ہٹ فلم میں ان کے ساتھ بطور ہیرو اکشے کمار تھے ۔ اس فلم کے لئے انہیں فلم فیئر کے ذریعے بیسٹ ڈیبو ایکٹریس کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ دو ہزار چار میں فلم مستی منظرعام پر آئی جس سے لارا دتہ کو اپنے پیر بالی وڈ میں مضبوطی سے جمانے میں کافی مدد ملی ۔ دو ہزار پانچ میں ریلیز بونی کپور کی فلم ’نو انٹری‘ لارا دتہ کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی ۔ دو ہزار سات میں آئی ڈیوڈ دھون کی فلم پارٹنر لارا دتہ کی اگلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی ۔ اس فلم میں ان کی جوڑی سلمان خان کے ساتھ کافی پسند کی گئی ۔ دو ہزار نو میں لارا کو شاہ رخ خان کے ساتھ بلو باربر میں کام کرنے کا موقع ملا جبکہ دو ہزار گیارہ میں ان کی ہٹ فلم ہائوس فل منظرعام پر آئی اس طرح لارا دتہ اپنے کیریئر میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتی رہی ۔ بالی وڈ میں انہیں وہ سب کچھ ملا جس کی انہوں نے تمنا کی تھی ۔ پھر بھی ان کی پرواز یہیں تک محدود نہیں رہی ۔ انہوں نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قسمت آزمانے کا من بنا لیا ۔ یہ خواہش بھی ان کی پوری ہو گئی ۔ اس میدان میں بھی وہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔ ان کی اگلی منزل چلو چائنا بنانا ہے ۔ جس میں وہ کافی مصروف ہیں ۔