لندن۔لارنس آف عریبیہ کا لافانی کردار ادا کرنے والے کرشماتی شخصیت کے مالک آئرش اداکار پیٹر اوٹول 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔
وہ ایک طویل عرصے سے علیل تھے اور ان کے ایجنٹ اسٹیو کینس نے اتوار کو ایک ای میل میں بتایا ہے کہ ان کا ہفتے کے روز انتقال ہوا تھا۔انھوں نے برطانیہ میں اسٹیج سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا تھا۔1955ء میں انھوں نے ہیملٹ میں کردار ادا کیا تھا اور اس کے بعد وہ بتدریج فن کی بلندیوں کو چھوتے چلے گئے۔
انھیں 1962ء میں پہلی مرتبہ ”لارنس آف عریبیہ” کے کردار پر آسکرایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور 2006ء میں آخری مرتبہ فلم وینس کے لیے ان کی نامزدگی ہوئی تھی۔یہ آٹھواں موقع تھا کہ انھیں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
اس طرح انھوں نے آسکر ایوراڈ کے لیے سب سے زیادہ مرتبہ نامزد ہونے کا اعزاز تو حاصل کر لیا لیکن وہ نصف صدی سے زیادہ عرصے کو محیط اپنے فلمی کیرئیر کے دوران ایک مرتبہ بھی آسکر ایوارڈ نہیں جیت سکے تھے۔البتہ 2003ء میں انھوں نے ایک اعزازی آسکر ایوارڈ قبول کر لیا تھا۔