موتیہاری: بہار میں مشرقی چمپارن ضلع کے موتیہاری اسمبلی حلقہ کے لکھورا میں منعقد انتخابی ریلی میں اسٹیج پر بیٹھے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو پر آج پنکھا گر گیا جس سے ان کے ہاتھ میں معمولی چوٹ آئی۔ مسٹر یادو راشٹریہ جنتا دل امیدوار ونود شریواستو کے حق میں انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے لئے اسٹیج پر بیٹھے تھے تبھی وہاں لگا پنکھا گر گیا۔ پنکھے کا بلیڈ مسٹر یادو کے ہاتھ اور پاؤں میں لگا ۔جس سے مسٹر یادو کے ہاتھ میں ہلکی چوٹ آئی۔ مسٹر یادو اس وقت چائے پی رہے تھے ، پنکھے کا بلیڈ ہاتھ میں لگنے سے چائے ان کے کرتے پر گر گئی۔یہ واقعہ جس وقت ہوا اس وقت آر جے ڈی امیدوار ونود شریواستو خطاب کر رہے تھے ۔ اس واقعہ سے مسٹر یادو غصے میں آگئے اور انہوں نے وہاں سکیورٹی کو پھٹکار لگائی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر رانا کو فون کر کے شکایت د بھی کی۔ مسٹر رانا نے اسٹیج پر بجلی کے نظام کی دیکھ ریکھ کرنے والے الکٹریشین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔مسٹر یادو نے اس واقعہ پر منتظمین کو بھی جم کر پھٹکار لگا ئی ۔ انہوں نے کہا‘‘کیا یہی نظام ہے ، اگر کچھ ہو جاتا تو’’۔