نئی دہلی(بھاشا)موبائل ہینڈ سیٹ بنانے والی گھریلوکمپنی لاوا نے رواں مالی سال ۶۲۰۰کروڑروپئے سے ۶۵۰۰کروڑروپئے تک کی آمدنی کا ہدف رکھا ہے ۔ کمپنی نے یہ ہدف اسمارٹ فون کی فروخت کے مدنظر رکھا ہے جس کا اس کی آمدنی میں ۶۰فیصد سے زیادہ کا تعاون ہے۔کمپنی ملک میں آلات بنانے کاکام شروع کرنے کیلئے ایک مشترکہ صنعت قائم کرنے کے مرحلے میں ہے ۔ لاوا انٹرنیشنل کے چیئر مین وایم ڈی ہری اوم رائے نے کہا کہ ہم نے مالی سال ۱۵۔۲۰۱۴میں۶۲۰۰کروڑروپئے یا ایک ارب ڈالر کی آمدنی کا ہدف رکھا ہے جس میں اسمارٹ فون کا تعاون ۷۵فیصد ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی کو ۱۴۔۲۰۱۳میں ۲۹۰۹کروڑروپئے کی آمدنی ہوئی تھی ۔ مسٹررائے نے کہا کہ مشترکہ صنعت کیلئے حصہ داروں سے بات چل رہی ہے اوراہم زمین کیلئے مختلف ریاستوں سے بھی بات کررہے ہیں۔