لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ شہر کے ساتھ ساتھ سات دوسرے اضلاع کے لاکھوں لوگوں کی زندگی میں گومتی کی اہمیت ہے۔ یہ کہتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے گومتی ندی کے نشاط گنج پل کے نزدیک روئنگ کلب سے صفائی مہم کا آغاز شمع روشن کرکے کیا۔اس موقع پر انہوں نے خود کوڑا اٹھاکر گومتی ندی کی صفائی کی ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ گومتی ندی گنگا ندی کا چھوٹا حصہ مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گومتی ندی صاف رہنی چاہئے۔ ۷؍نومبر سے تیرہ نومبر تک ایک صفائی ہفتہ کے طور پر منعقد ہوگا جس میں گومتی ندی نشاط گنج پل سے ہنومان سیتو کے پل تک ندی کے دونوں جانب صفائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج محکمہ، میونسپل کارپوریشن، محکمہ جنگلات، محکمہ آبپاشی، شہر تحفظ تنظیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے صفائی کا کام کیا جا رہا ہے۔ عوام میں بیداری لائی جائے کہ ندی کے پانی کو صاف رکھا جائے۔اس کیلئے لوگوں کو بتایاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہی زندگی ہے اس لئے پانی کو صاف رکھا جانا چاہئے۔ ندیاں ہماری زندگی کو صاف اور کامیاب بناتی ہیں اس لئے ندی کے پانی کی صفائی کو قائم رکھنے پر پورا دھیان رکھنا چاہئے۔ متعدد بلاکوں سے آئے صفائی ملازمین و میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین و محنت سے ندی کی دونوں جانب صفائی کاکام کریں گے۔ ندی کے کنارے جو جھاڑیاں ہیں ان کو بھی صاف کیا جائے گا۔
گومتی ندی میں ضلع کے جو بھی سیور ، نالوں کاپانی آتا ہے اس کا معائنہ کر کے نشانزد کر لیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں سیور و گندے نالوں کے پانی کو ٹریٹ کرنے کے بعد گومتی ندی میں آنے کا بندوبست کئے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ضلع انتظامیہ صفائی کیلئے بیحد سنجیدہ ہے۔ اس موقع پر خصوصی ترقیاتی افسر یوگیش کمار نے موجود تمام افسران وملازمین کو صفائی کا حلف دلایا۔ خصوصی ترقیاتی افسر یوگیش کمار نے کہا کہ صفائی کے کاموںمیں جن افسروں ، ملازمین کو جو بھی ذمہ داری دی گئی ہے اس پر محنت اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہماری زندگی کیلئے بیحد اہم ہوتا ہے۔ اس موقع پر اترپردیش روئنگ ایسوسی ایشن کے کے ایم بھارگو نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خصوصی طبی افسر ڈاکٹر ایس ایم ایس یادو ، ایڈیشنل سٹی کمشنر وشال بھاردواج، ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ شیلندر کمار مشرا، ضلع پنچایت راج افسر اجے پرتاپ شاہی،ایڈیشنل ضلع اطلاعات افسر ستیش چندر بھارتی، جنگلات ، آبپاشی، شہر تحفظ تنظیم کے نمائندے اور اے ڈی او پنچایت ملیح آباد سوامی دین سمیت دیگر بلاکوں کے اے ڈی او پنچایت و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔