نئی دہلی۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق صدر للت مودی نے ششانک منوہر کو دوسری بار ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر بننے پر مبارک باد دی ہے۔للت مودی نے ٹوئٹر پر دیے مبارک بادپیغام میں کہا ششانک منوہر کو بی سی سی آئی کے صدر منتخب ہونے پر دلی مبارک ہو۔ اب بی سی سی آئی، آئی پی ایل اور آئی سی سی میں صفائی آئے گی۔ ششانک سے بہتر اس کام کو اور کوئی بھی نہیں کر سکتا ہے۔اس کے ساتھ ہی ششانک منوہر اور بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر آدتیہ ورما کی تصویر بھی تھی۔بی سی سی آئی نے 49 سالہ مودی پر آئی پی ایل کے دوسرے اور تیسرے سیشن میں فنڈ کے غبن کا الزام لگایا ہے۔ وہ ابھی لندن میں جلاوطنی کی زندگی جی رہے ہیں۔
پاکستانی خواتین ٹیم کی مسلسل بنگلہ دیش پر تیسری فتح
کراچی۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ون ڈے میچ میں 20 رنز سے شکست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے 49.5 اوورز میں 214 رنز بنائے تھے جس میں جس میں پاکستانی ٹیم کی کھلاڑی بسمہ معروف 92 رنز کے ساتھ سرفہرست رہیں جبکہ نین عابدی 27 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم 50 اوورز میں 194 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے انعم امین نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسماویا اقبال، ثنامیر، ندا ڈار، عالیہ ریاض اور بسمہ معروف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی جانب سے سلمی خاتون نے تین کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا جبکہ لتا منڈال، جہان آرا، خدیجہ اور فہمیہ خاتون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔