نئی دہلی: وزیر خارجہ سشما سوراج نے للت مودی معاملے میں ان پر لگائے جا نے والے الزامات کو غلط، جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے للت مودی کو سفری دستاویزات دلوانے کے لیے کبھی کوئی سفارش یا درخواست نہیں کی۔محترمہ سوراج نے لوک سبھا میں اپوزیشن کی غیر موجودگی میں اس معاملے میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی وزارت داخلہ نے بھی سرکاری طور پر یہ بات کہی ہے کہ اس نے للت مودی کو پاسپورٹ صرف اس کی بیمار بیوی کی مدد کے لیے ملک کے قواعد و ضوابط کے مطابق غور کرنے کے بعد دیا تھا۔
انہوں نے اس سلسلے میں انگریزی اخبار اکنومک ٹائمز کی طرف سے برطانوی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط اور وہاں سے آنے والے جواب کی بنیاد پر شائع ایک رپورٹ کو بھی ایوان میں پیش کیا اور کہا کہ اگر للت مودی کو ان کی سفارش یا درخواست کی وجہ سے پاسپورٹ ملا ہوتا تو برطانوی وزارت داخلہ کہتا کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ کی سفارش یا درخواست پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔