اپنی زندگی کو بڑھانے کی خواہش کس انسان کی نہیں ہوتی جس کے لیے وہ طرح طرح کے جتن بھی کرتا ہے تاہم موجودہ عہد میں طبی سائنس کی ترقی کے باوجود اکثر افراد جلد اس دنیا سے کوچ کرجاتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چند جسمانی سرگرمیاں یا ورزشیں آپ کے لمبی عمر کے خواب کو پورا کرسکتی ہیں؟ جی ہاں یہ واقعی سچ ہے جس کی تصدیق سائنس نے بھی کی ہے۔تو کیا آپ بھی اپنی زندگی کا دورانیہ بڑھانا چا
ہتے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ چند سادہ ورزشیں اس کے لیے بہت مددگار ثابت ہوں گی۔
سیڑھیاں اترنا چڑھنا
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اگر لفٹس کا استعمال ترک کرکے سیڑھیوں کو استمعلا کریں تو ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔اس تحقیق کو کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فلپ مائر کے مطابق سیڑھیاں اترنے چڑھنے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ایک ہفتے میں صرف 35 منزلیں سیڑھیوں کی چڑھائی بھی عمر میں اضافے کے حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
تیز سائیکل چلانا
سائیکل چلانے کی عادت ناصرف باہر گھومنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور ایندھن کا خرچ بچاتی ہے بلکہ یہ جسمانی صحت کے حوالے سے لمبی عمر کی کنجی ثابت ہوتی ہے۔ڈنمارک میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق جو مرد تیز سائیکل چلانے کے عادی ہوتے ہیں ان کی زندگی میں پانچ سال تک کا اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ خواتین میں یہ شرح چار سال کے لگ بھگ ہوتی ہے۔
تیراکی
امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو افراد تیراکی کو معمول بنالیتے ہیں ان میں سست طرز زندگی کے عادی لوگوں کے مقابلے میں کم عمری میں موت کا خطرہ پچاس فیصد تک کم ہوتا ہے۔اسی طرح یہ تفریح سے بھرپور جسمانی سرگرمی جو شخص اپناتا ہے وہ چہل قدمی اور جاگنگ کے عادی افراد کے مقابلے میں بھی موت کے کم خطرے کا شکار ہوتا ہے۔
تیز چہل قدمی
سال ۲۰۱۱ کی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو لوگ قدرتی طور پر تیز چہل قدمی کے عادی ہوتے ہیں وہ آہستگی سے چلنے والے افراد کے مقابلے میں زیادہ طویل عمر پاتے ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چلنے کی رفتار طویل العمری کا عندیہ دیتی ہے اور اس سے مجموعی جسمانی صحت کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
پندرہ منٹ روزانہ ورزش
ورک آرٹ یا ورزش کے لیے ضروری نہیں کہ آپ بہت زیادہ وقت لگائیں درحقیقت مختصر دورانیہ بھی جسمانی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق دن بھر میں پندرہ منٹ کی ورزش چاہے جاگنگ ہی کیوں نہ ہو، زندگی کی مدت میں تین سال تک اضافہ کردیتی ہے۔
پوری شدت سے ورزش
تیز چہل قدمی یا سائیکل چلانا ایک اہم نکتہ اجاگر کرتے ہیں اور وہ ہے پورے جذبے سے جسمانی سرگرمی۔درحقیقت پوری جان سے کی جانب والی سرگرمیاں معتدل انداز میں کی جانے والی ورزش کے مقابلے میں انسانی عمر میں دوگنا اضافہ کردیتی ہیں۔