نیویارک: کل یہاں امریکی میڈیا میں اس وقت زبردست ہلچل پیدا ہوگئی، جب ہالی وڈ کی اداکارہ لنڈسے لوہان قرآن پاک کا ایک نسخہ لیے منظرعام پر آئیں۔
بدھ کے روز بروکلین میں اپنی کمیونٹی سروس کے پہلے دن جب وہ عوام کے سامنے آئیں تو ان کے ہاتھ میں قرآن پاک کا ایک نسخہ تھا۔
لنڈسے لوہان موروثی طور پر آئرش اور اطالوی ہیں اور ان کی پرورش کیتھولک ماحول میں ہوئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ اداکارہ نیویارک میں ایک عدالت کی جانب سے عائد کی گئی بچوں کے مرکز میں آفس ورک کی خدمات مکمل کرنے کے بعد جب باہر آئیں تو وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کا ایک نسخہ لیے ہوئے تھیں۔
بطور ایک نوجوان اسٹار کے ان کی شہرت فلم ’’مین گرلز‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد بامِ عروج پر پہنچی تھی۔
وہ سرخ رنگ کا ایک کبّالہ بریسلیٹ پہنی ہوئی تھیں، جس کے متعلق یہودیوں کا عقیدہ ہے کہ اس کو پہننے سے بدقسمتی دور ہوجاتی ہے اور پہننے والا بُری نظروں سےمحفوظ رہتا ہے۔
ان کے بارے میں یہ افواہیں بھی سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے کبّالہ کی کلاسوں میں شرکت کی تھی، اور 2012ء میں ایسی اطلاعات بھی تھیں کہ انہوں نے ایک بدھ گروپ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
گزشتہ سال لنڈسے نے اوپرا ونفرے کے ساتھ ایک دستاویزی سیریل میں خود کا ایک ’انتہائی روحانی شخصیت‘ قرار دیا تھا۔