کانپور۔ (نامہ نگار)۔ راجدھانی اور شتابدی جیسی اہم ٹرینوں میں لوٹ پاٹ کرنے والے ایک گروہ کے ۸؍افراد کو جی آر پی نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار افراد نے اقبال جرم کیا ہے کہ ان کا گروہ لوٹ کی تقریباً تین درجن وارداتوں کو انجام دے چکا ہے۔ ان کے قبضہ سے لوٹ کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق جی آر پی کے سرکل افسر ڈی ایس پی سریندر تیواری نے بتایا کہ جی آر پی کو کل رات مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ ریلوے اسٹیشن کی کینٹ سائڈ پر لٹیروں کا گروہ موجود ہے جو کسی ٹرین میں لوٹ کی واردات کو انجام دینے کی سازش کر رہا ہے۔اس سلسلہ میں جی آر پی نے وہاں چھاپہ مارا۔ جی آر پی کو دیکھ کر گروہ کے لوگ بھاگنے کی کوشش کرنے لگے لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ گروہ کے سرغنہ سمیت جب ۸ لوگوں کی تلاشی لی گئی تو ان کے قبضہ سے نشہ آور پاؤڈر، چار چاقو،چوری کے سوٹ کیس، ٹرالی بیگ اور تقریباً پانچ ہزار روپئے برآمد کئے۔ گروہ کا سرغنہ مہیش عرف سمیر ورما ہے جس نے پوچھ گچھ کے دوران تین درجن سے زائد لوٹ کی وارداتوں میں گروہ کے ملوث ہونے کا اقبال جرم کیا ہے۔ گروہ شتابدی اور راجدھانی جیسی اہم ٹرینوں کی لوٹ کی واردات انجام دے رہے تھے اور مسافروں کے بریف کیس اور ٹرالی بیگ اٹھاکر لے جاتے تھے۔ مسٹر تیواری نے بتایا کہ ان کے گروہ میں سرغنہ سمیر ورما سمیت آٹھ ارکان مدھوکر، رشی گپتا ، انل کمار، ابھیشیک مشرا، سنتوش کمار، شیلیش شریواستو اور مونو شامل ہیں۔ پولیس مذکورہ لٹیروں کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے۔