پرتاپ گڑھ۔ (نامہ نگار)۔ رام لیلا میدان (سگاہی باغ) میں کانگریس کے ایک جلسہ کو راہل گاندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرتاپ گڑھ میں اتنا بڑا ہجوم قبل میں ہوئے جلسوں میں انہوں نے نہیں دیکھا۔ یہ ہجوم یہ ثابت کرتا ہے کہ لوگوں کا کانگریس پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے لوک پال بل اور حق اطلاعات بل منظور کراکر عوام کو حق دیا ، ان حقوق کی وجہ سے بدعنوانی خود بخودختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز اور اترپردیش میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایک دن ایسا آئے گا کہ جب اترپردیش میں اتنی ترقی ہوگی جتنی کسی دوسری ریاست میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے خواتین کو ہر جگہ پچاس فیصد ریزرویشن پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ الیکشن کے بعد کانگریس پارٹی ختم ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے اور نظریات کبھی ختم نہیں ہوتے۔ اس موقع پر کانگریس کے قومی سکریٹری زبیر خاں، پرمود تیواری ،راجیہ سبھا رکن، ریاستی کانگریس کے صدرنرمل کھتری وغیرہ نے خطاب کیا۔