نئی دہلی:مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بردہ فروشی (ہیومن ٹریفکنگ) کو عالمی اور منظم جرم قرار دیتے ہوئے لوگوں کو جانوروں کی طرح فروخت کئے جانے اور بندھوا مزدور بنائے جانے پر تشویش ظاہر کی۔مسٹر راجناتھ سنگھ نے آج یہاں بردہ فروشی (ہیومن ٹریفکنگ) پر روک لگانے کے اقدامات پر بحث کے لئے منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ انتہائی حساس اور سنگین مسئلہ ہے اور یہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے ۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے متعلق جنوبی ایشیا کی اعداد و شمار چونکانے والی ہیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق اس خطے میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ لوگ اس کا خمیازہ بھگتتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حیرتناک بات ہے کہ لڑکیوں کا جنسی استحصال کیا جا رہا ہے ، بچوں کے اعضاءکاٹے جا رہے ہیں اور لوگوں کو جانوروں کی طرح فروخت کیا جا رہا ہے اور انہیں بندھوا مزدور بنایا جا رہا ہے ۔