لندن:مہلک بیماریوں کے جدید طریقہ علاج سے دنیا بھر میں لوگوں کی اوسط عمر میں تو اضافہ ہواہے لیکن طرز زندگی میں ہوئی تبدیلی کی وجہ سے لوگوں کی صحت خراب ہوئی ہے ۔ صحت سے متعلق برطانیہ کے جریدے “دی لانسیٹ” میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پچھلی دہائی میں ایچ آئی وی /ایڈس اور ملیریا جیسی مہلک بیماریوں اور دوران حمل اور بچپن میں ہونے والی بیماریوں کے علاج میں کافی پیش رفت ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی طویل عمر کے امکانات بڑھے ہیں۔
اس کے مطابق 1990 میں لوگوں کی اوسط عمر 65.3 سال تھی اور یہ 2013 میں 6.2 سال بڑھ کر 71.5سال ہوگئی۔ حالانکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلی کی وجہ سے لوگوں کی صحت میں گراوٹ آئی ہے اور لوگ پہلے کے مقابلے زیادہ بیمار رہنے لگے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1990 میں لوگ 8.4 سال بیمار رہتے تھے لیکن 2013 میں یہ بڑھ کر 9.2 سال ہوگیا۔