لکھنؤ۔(بیورو)۔ لوہیا دیہی ہاؤسنگ اسکیم کیلئے حکومت نے ۱۵۰۰ کروڑ روپئے کا قرض لیا ہے۔ یہ قرض ساڑھے ۸ فیصد سود کی شرح سے ہڈکو نے دیا ہے۔ ہڈکو کے ریجنل منیجر نے آج وزیر اعلیٰ کی قیام گاہ پر اکھلیش یادو کو قرض کی پہلی قسط کے طور پر ساڑھے سات سو کروڑ روپئے کا چیک دیا ہے۔ اس کے علاوہ میٹرو کو ایک ہزار کروڑ اور آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کو تین ہزار کروڑ کا قرض بھی ہڈکو دے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ اسکیم حکومت نے تین سال قبل شروع کی تھی لیکن تب اس مد کیلئے بجٹ میں کافی کم پیسوں کا بندوبست تھا لیکن آہستہ آہستہ دیہی علاقوں میں مکانوں کی مانگ بڑھی تو حکومت نے اسے توسیع دینے کا منصوبہ بنایا۔ ایک مکان کیلئے دی جانے والی رقم بھی بڑھاکر تین
لاکھ پانچ ہزار روپئے کردی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مکان سب سے بڑی ضرورت ہے، سب سے زیادہ درخواستیں بھی مکان کیلئے ملتی ہیں، اسی کودھیان میں رکھ کر یہ اسکیم تیار کی گئی ہے تاکہ غریبوں کو مکان دیا جا سکے۔ وہیں وزیر دیہی ترقیات اروند سنگھ گوپ نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعہ غریبوں کو فائدہ پہنچانا حکومت کا ہدف ہے۔ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ نئے مالی سال میں پچیس ہزار کروڑ روپئے سے لوہیا مکانوں کی تعمیر کرائی جائے گی۔ ہڈکو کے ریجنل منیجر ارون کمار نے کہا کہ اس کے علاوہ بجلی، سڑک و دیگر پروجیکٹوں میں بھی ان کا ادارہ حکومت کی مدد کر رہا ہے۔ زیادہ تر قرض کو ان کے ادارہ نے منظوری دے دی ہے۔