لکھنؤ:اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤمیں واقع کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو )میں طبی تعلیمی تحقیق اور اعلیٰ سطحی میڈیکل خدمات فراہم کرانے کے لئے جلد ہی انسٹی ٹیوٹ آف پیڈیاٹرک سائنسز کھولا جارہا ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی لکھنؤمیں ڈاکٹر رام منو ہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں بھی تعلیمی سیشن 17-2016سے ایم بی بی ایس کورس شروع کئے جانے کا ہدف ہے ۔اس کے ساتھ ہی کے جی ایم یو میں آئندہ مالی سال میں انسٹی ٹیوٹ آف ویمن ہیلتھ،انسٹی ٹیوٹ آف آفتھیلمولاجیکل سائنس اور انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالایجیکل سائنس کے نئے شعبے کھولنے کا بھی ہدف ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ چندولی میں میڈیکل کالج کی تعمیر کے لئے جگہ مقرر کر دی گئی ہے جبکہ جون پور میں میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام چل رہاہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے باندہ میں ریاستی میڈیکل کالج کا تعلیمی سیشن 17-2016سے شروع کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ قنوج میں دل کے امراض اور کینسر انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کا کام زوروں پر ہے ۔اس انسٹی ٹیوٹ کو بھی جلد ہی شروع کرنے کامنصوبہ ہے ۔