لکھنؤ: چنہٹ علاقے کے رہنے والے مزدور کی نابالغ بیٹی کا گلہ دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ اس بات کا انکشاف آج پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوا ہے۔ لیکن لڑکی کی آبرو ریزی کے سلسلے میں ڈاکٹروں نے اپنی رائے واضح نہیں کی ہے۔ آبروریزی ثابت کرنے کیلئے سلائٹ جانچ کیلئے بھیج دی گئی ہے ۔ اس معاملے میں پولیس نے لڑکی کے ایک دوست کو حراست میں لے لیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ چنہٹ ،نظام پور ،ملہور کے باشندے مزدور کی سولہ سالہ لڑکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ لڑکی کا قتل گلا دبا کر کیا گیا ہیلیکن ڈاکٹروںنے آبروریزی کی بات کو واضح نہیں کیا ۔ اس سلسلے میں لڑکی کے سلائٹ کو جانچ کیلئے دے دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق سلائٹ کی رپورٹ ملنے کے بعد آبروریزی کی تصدیق ہوجائے گی۔ دوسری جانب چنہٹ پولیس نے لڑکی کے ایک دوست کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں نوجوان کو قتل کے معاملے میں ملوث بتایا جارہا ہے۔ لڑکی کے قتل میں حراست میں لئے گئے نوجوان کے ایک دوست کے بھی شامل ہونے کی بات کی جارہی ہے۔ پولیس حراست میں لئے گئے نوجوان سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ واضح رہے کہ ۲۱؍اپریل کو مزدور کی۱۶سالہ بیٹی اچانک غائب ہوگئی تھی۔ جمعرات کی صبح لڑکی کی لاش گھر سے کچھ فاصلے پر واقع تالاب کے قریب پڑی ہوئی تھی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو یہ بھی معلوم ہو اہے کہ کچھ ماہ قبل لڑکی گھر سے چلی گئی تھی لیکن بعدمیں وہ مل گئی تھی۔