لکھنؤ۔اتر پر دیش کے چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ لکھنؤ۔ آگرہ ایکسپریس وے کی تعمیر میں استعمال کی جانے والی مٹی گرام سبھا کی زمینوں سے حاصل کی جانے کی کوشش کی جائے، تاکہ گائوں سبھا کی زمین پر کھدائی ہونے کے نتیجے میں پانی جمع ہونے کیلئے تالاب خود بخود تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ چراہ گاہوں کی زمین پر مویشیوں کیلئے پینے کے پانی کی خاطر تالاب بنانے سے قبل جانچ ضرور کرالی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ۔ آگرہ ایکسپریس ۔ وے کی تعمیر میں درمیان میں آنے والی بجلی لائنوں کو منتقل کرانے کیلئے قلیل مدتی ٹینڈر طلب کئے جائیں تاکہ تعمیری کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ چیف سکریٹری آج شاستری بھون کے اپنے دفتر میں لکھنؤ ۔ آگرہ ایکسپریس ۔ وے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔
انہوں نے لکھنؤ ۔ آگرہ ایکسپریس ۔ وے کے کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ۳۱ جنوری تک مجوزہ راستے کی زمین پر رولر چلاکر آئندہ کے کاموں کی پیش رفت کیلئے اسے ضرور تیار کرالیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحویل میں لی گئی آراضی کے سلسلے میں اگر کوئی کارروائی متعلقہ محکموں میں زیر التوا ہو تو اولیت سے انہیں مکمل کرالیا جائے۔ میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو افسر، اترپر دیش ایکسپریس۔ وے ڈیولپمنٹ اتھارٹی نونیت سہگل، پرنسپل سکریٹری مالیات راہل بھٹناگر، اڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسر ، اترپر دیش ایکسپریس۔ وے ڈیولپمنٹ اتھارٹی آشوتوش نرنجن سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔