لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ لکھنؤ میٹرو کے صلاح کار ای شری دھرن نے آج وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے میٹرو کے تعمیری کاموں کی اطلاع دی۔ شری دھرن نے میٹرو کے تعمیری کاموں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کام ٹھیک رفتار سے اور صحیح سمت میں چل رہاہے۔ میٹرو کی تعمیرمیں حکومت کا پورا تعاون ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یقین دلایا ہے کہ میٹرو تعمیر میں حکومت ہر سطح پر مدد کرے گی۔ شری دھرن نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے میٹرو کی تعمیر سے لیکر دیگر مختلف معاملوںپر بات ہوئی ہے جس سے وزیر اعلیٰ نے اتفاق کیا ہے۔ لکھنؤ میٹرو کو لیکر مرکز کے پبلک انویسٹی منٹ بورڈ سے اجازت نہ مل پانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ ایک کام ہے جو پورا ہو جائے گا۔ میٹرو کے پہلے مرحلہ کے پہلے سیکشن کا تعمیری کام تیزی سے چل رہا ہے۔
پی آئی بی نے تاخیر سے میٹرو تعمیرپر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ مسٹر شری دھرن نے کہاکہ میٹرو کے حسین گنج سے حضرت گنج انڈر گراؤنڈ سیکشن ڈیزائن کیلئے الگ سے ٹنڈر ہوگا جس میں کنسلٹینٹ کمپنی کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر ایلی ویٹیڈ روڈکے اسٹیشنوں کی ڈیزائن فرانس کی کمپنی سسٹرا بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈر گراؤنڈ سیکشن میں حسین گنج سکریٹریٹ اور حضرت گنج اسٹیشن آئیں گے۔ یورپی انویسمنٹ بینک کے نمائندوں نے آج لکھنؤ میٹرو کا دورہ کیا۔ بینک کے نمائندوں نے لکھنؤ میٹرو کے ایم ڈی کمار کیشو اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ بینک نمائندوں کو افسران نے پورے میٹرو پروجیکٹ کے بارے میں اطلاع دی۔ بینک افسروں کے لکھنؤ دورے اور میٹرو افسروں سے ملاقات کولیکر مسٹر شری دھرن نے کہا کہ یہ ان نمائندوں کا پہلا دورہ ہے۔ نمائندوں کا رخ مثبت ہے۔ واضح ہو کہ ای آئی بی سے لکھنؤ میٹرو تقریباً ۳۵۰۰ کروڑ قرض لینے کیلئے کوشاں ہے۔