لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ہدہد کا گردابی طوفان راجدھانی سمیت ریاست کے مشرقی اضلاع میں دیکھنے کو ملا اس کے سبب راجدھانی میں صبح سے ہی تیز ہوائیں، بادل و بارش جیسا موسم رہا۔ ہدہد کے گردابی طوفان کا یہ اثر منگل تک جاری رہنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ریاست کے مشرقی اضلاع میں زبردست بارش کی امید بتائی جا رہی ہے۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جے پی گپتا
نے بتایا کہ ریاست میں گردابی طوفان ہدہد کا اثر منگل تک جاری رہے گا۔اس وجہ سے راجدھانی میں بادلوں کے ساتھ ساتھ گرج دمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کی امید ہے۔ اس دوران رات و دن کے درجہ حرارت میں بڑی گراوٹ درج ہوگی ۔منگل کو دن کا درجہ حرارت تیس ڈگری سیلسیس اور رات کا درجہ حرارت ۱۸ ڈگری سیلسیس رہے گا۔ دو شنبہ کو راجدھانی میں دن کا درجہ حرارت ۳ء۳۰ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو سب سے زیادہ پچیس ڈگری سیلیس درجہ حرارت کھیری میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہ معمول سے تین ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ریاست کے مشرقی اضلاع میں بارش کی امید ہے۔ ریاست کے مغربی اضلاع میں تیز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ وہیں دو شنبہ کو راجدھانی میں صبح سے ہی تیز ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کا سلسلہ دن میں کئی مرتبہ جاری رہا۔ ہدہد کا یہ اثر راجدھانی و قرب و جوار کے اضلاع میں دیکھنے کو ملا ۔