(حمید الحسن)
لکھنؤ(نامہ نگار)کنگ خان شاہ رخ خان لکھنؤ کے دیوانے ہیں اور ان کی دیوانگی اس حد تک ہے کہ وہ نوابوں کے اس شہر میں اپنی فلم بھی شوٹ کرنا چاہتے ہیں۔ لکھنؤ کے ساتھ ان کی پرانی یادیں بھی وابستہ ہیں۔ کچھ سال قبل شاہ رخ خان روزنامہ ’آگ‘ کے ایڈیٹر احمد ابراہیم علوی سے ممبئی میں اپنے بنگلے ’منت ‘ میں ملے تھے۔ ان کو جیسے ہی پتہ چلا کہ روزنامہ ’آگ‘ کا نامہ نگار ان سے گفتگو کر رہا ہے تو فوراً انہوں نے ایڈیٹر احمد ابراہیم علوی کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے اپنا سلام بھی کہلایا۔ شاہ رخ خان نے روزنامہ’آگ‘ سے ہوئی خصوصی بات چیت میں لکھنؤ اور روزنامہ’آگ‘ کو یادکیا۔ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کی ریلیز سے قبل شاہ رخ نے روزنامہ ’آگ‘ کے نمائندے کو ممبئی میں فلم کی پریس کانفرنس کیلئے مدعو کیا تھا لیکن کچھ اسباب کی وجہ سے ممبئی میں منعقد پریس کانفرنس میں نامہ نگار کے نہ پہنچنے کے بعد شاہ رخ نے خاص طور سے فون پر بات چیت کی۔
سوال: شاہ رخ، ’ہیپی نیوایئر‘ کی کامیابی کا جشن آپ کس طرح منا رہے ہیں؟
جواب: میں گذشتہ کچھ دنوں سے تیز بخار کی وجہ سے گھر پر آرام کر رہا ہوں، ڈاکٹر نے مجھے آرام کرنے کیلئے کہا ہے اس لئے میں ’ہیپی نیو ایئر‘ کی کامیابی کے جشن میں بھی شامل نہیں ہو پا رہاہوں۔ امید کرتا ہوں کہ جلد ہی یہ بخار میرا پیچھا چھوڑے تاکہ میں اپنی پوری ٹیم کے ساتھ فلم کی کامیابی کا جشن منا سکوں۔
سوال: اس فلم سے کیا امید تھی؟
جواب: صرف تین دن میں ہی میری فلم نے کئی پرانے ریکارڈ توڑے ہیں اور نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں ایسی کامیابی کی امید نہیں تھی لیکن محنت رنگ لائی ہے اور اس کیلئے میں لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ہم نے یہ فلم خاص طور سے بچوں کیلئے بنائی ہے جس کا وہ بھر پور لطف اٹھا رہے ہیں۔
سوال:آپ کی فلم ہمیشہ دیوالی پر ہ
کیوں ریلیز ہوتی ہے؟
جواب:میں فلم میں اداکاری کے علاوہ کسی بھی چیز میں مداخلت نہیںکرتا ہوں، مجھے نہیں معلوم ہوتا کہ فلم کب ریلیز ہوگی۔ صرف تھوڑا سا مشورہ دیتا ہوں کہ اگر فلم کسی تہوار کے موقع پر ریلیز ہو تو بہتر رہے گا۔ کیونکہ تہواروں میں لوگ کنبہ کے ساتھ فلم کا لطف اٹھائیں۔
سوال: لکھنؤ کے بارے میں کیا خیال ہے، یہاں کوئی فلم شوٹ کریںگے آپ؟
جواب: میں کئی بار لکھنؤ آچکا ہوں میں نے یہاں کا لوکیشن اپنی آنکھوں سے بھی دیکھا ہے اور ارجن کپور کی عشق زادے اور سیف علی خان کی بلٹ راجہ میں میں نے لکھنؤ کی خوبصورتی دیکھی ہے میں خود چاہتا ہوں کہ میںلکھنؤ میں فلم کروں، میں لکھنوی تہذیب اور یہاں کی ثقافت سے بخوبی واقف ہوں۔ لکھنؤ میرے پسندیدہ شہروں میں سے ایک ہے اگر موقع ملے گا تومیں لکھنؤ میں اپنی کسی فلم کو ضرور شوٹ کروںگا۔ میری ہمیشہ سے خواہش ہے کہ میں لکھنؤ میں اپنی کوئی فلم شوٹ کروں، میںخاص طور سے روزنامہ’آگ‘ کے قارئین کے ساتھ لکھنؤ کے باشندوں کو دیوالی کی مبارکباد بھی دینا چاہوںگا۔
سوال: سلمان کے شو میں فلم کی تشہیر کیوں نہیں کی، کیا ان سے تعلقات خراب ہیں؟
جواب: سلمان سے میرے تعلقات ہمیشہ بہتر رہے ہیں۔ بگ باس میںجانے کیلئے مجھ سے کبھی نہیں کہا گیا۔ ویسے بھی میرے گھر سے اس کا سیٹ بہت دور ہے۔ میں چاہوںگا کہ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کا پرموشن آس پاس کروں تاکہ زیادہ سے زیادہ جگہ پہنچ سکوں۔ لیکن پھر بھی اگر میری مینجمنٹ ٹیم مجھے بگ باس کے گھر لے جاتی ہے تومیں شوق سے وہاں جاؤںگا۔
سوال:کیا شاہ رخ جس فلم میں ہوتے ہیں وہ کامیاب ہوجاتی ہے؟
جواب: میں یہ نہیں مانتا کہ جس فلم میں میں ہوتا ہوں وہ کامیاب (ہٹ) ہوجاتی ہے۔ میری کافی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہو چکی ہیں۔ اگر کوئی کم بجٹ والی فلم کی پیشکش ہو تو ضرور کرنا پسند کروں گا۔میں خود چاہتا ہوں کہ چھوٹے پروڈیوسر میرے پاس آئیں لیکن پتہ نہیں کیوں وہ مجھ سے دور بھاگتے ہیں۔ شاید انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پیسے زیادہ لیتا ہوں لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔ اگر چھوٹے پروڈیوسر میرے پاس اچھی اسکرپٹ لے کر آتے ہیں تو میں ضرور ان کے ساتھ کام کروںگا۔ میری شبیہ ’لو اسٹوری‘ والی فلموں میں فٹ بیٹھتی ہے۔ صرف وہ میری شبیہ والی ہی فلم ہو۔