گورکھپور۔ پپرائچ علاقہ میں گزشتہ رات لگژری جیپ کی زد میں آنے سے پانچ سالہ معصوم شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ حادثہ کے بعد جیپ کا ڈرائیور گاڑی لیکر فرار ہو گیا۔ گاؤں والوں نے موٹر سائیکل سے اس کا پیچھا کر کچھ دوری پر اسے گھیر لیا جس کے بعد پٹائی کے خوف سے ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ مشتعل لوگوں نے جیپ کو نذر آتش کر دیا۔
اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے بھیڑ کو منتشر کیا۔ پولیس گاڑی مالک کی تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق پپرائچ حلقہ کے اراجی چبری گاؤں میں گزشتہ رات چھٹ پوجا کے موقع پر پروگرام چل رہا تھا۔ رات تقریباً ۹ بجے گاؤں سے گزرنے والی جیپ کے ڈرائیور نے دنیش موریہ کے پانچ سالہ بیٹے انکت کو ٹکر مار دی۔ حادثہ ہونے کے بعد ڈرائیور گاڑی لیکر فرار ہو گیا۔ آس پاس موجود لوگوں نے موٹر سائیکل سے اس کا پیچھا کیا اور کچھ دوری پر اس کو گھیر لیا۔ گاؤں والے کے ذریعہ پٹائی کے خوف سے ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ حادثہ سے ناراض لوگوں نے جیپ کو نذر آتش کر دیا۔
اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے جیپ میں لگی آگ کو بجھایا اور اس معاملہ میں کارروائی کی یقین دہانی کراکر مشتعل گاؤں والوں کو خاموش کرایا۔ جیپ چوری چورا علاقہ کے رہنے والے ایک شخص کی بتائی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی سندیپ کمار نے کہا کہ قانون کی خلا ف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ملزم جیپ ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔