طرابلس۔ 29 اکتوبر (یو این این) لیبیا میں دنیا کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی کی واردات میں ڈاکووں نے مرکزی بینک کی گاڑی سے 55 ملین ڈالر لوٹ لئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق مسلح افراد نے لیبیا کے مرکزی بینک کی کیش لے جانی والی گاڑی پر حملہ کرکے 55 ملین ڈالر لوٹ لئے ہیں یہ واقعہ لیبیا کے شہر میرت میں پیش آیا رپورٹ کے مطابق کسی بینک کی اتنی بڑی رقم لوٹے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے حکام کے مطابق طرابلس سے 500 کلو میٹر دور مشرق میں واقع میرت شہر کے ایئر پورٹ سے کیش وین بینک کی طرف جارہی تھی کہ بھاری اسلحہ سے لیس 10 افرد کے ایک گروپ نے گاڑی پر حملہ کیا اور کیش لے کر فرار ہوگئے ۔ بینک ذرائع کے مطابق گاڑی میں 42 ملین امریکی ڈالرز کی مالیت کے 53 ملین دینار اور 13ملین امریکی ڈالر کیش کی صورت موجود تھے ۔ فوری طور پر کسی نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ شکوک کی زد میں وہی مسلح گروہ ہیں جنہوں نے 2011ء میں معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کیلئے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔