نئی دہلی:لیبیا میں خونخوار دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے مشتبہ دہشت گردوں نے چار ہندوستانیوں کو اغوا کر لیا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے آج یہاں بتایا کہ دہشت گردوں نے چار ہندوستانیوں کو اغوا کر لیا ہے ۔
ان میں سے تین سرتے یونیورسٹی میں ٹیچر ہیں اور چوتھا شخص غیر تدریسی ملازم ہے ۔ اغوا شدہ ہندوستانیوں میں سے دو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی مشترکہ دارالحکومت حیدرآباد اور دو دیگر کرناٹک کے باشندے ہیں۔مسٹر سوروپ نے بتایا کہ وزارت خارجہ اغوا شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
طرابلس میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کے سربراہ کی مدد سے اغوا ہونے والے ہندوستانیوں کے سلسلے میں اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیر اعظم نریندر مود¸ سے ملاقات کرکے انہیں معاملے سے آگاہ کیا ہے ۔ اس اغوا کے پیچھے آئی ایس دہشت گردوں کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال اعلان جاری کرکے تمام ہندوستانیوں سے لیبیا چھوڑنے کو کہا تھا۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں ہندوستانی اب بھی وہاں موجود ہیں۔