ممبئی: کچھ عرصہ قبل کہا جارہا تھا کہ اداکارہ نرگس فخری فلم شوقین میں اکشے کمار کے مدمقابل ہیروئین کا کردار ادا کررہی ہیں جب کہ اب اطلاعات ہیں کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم کوئین میں اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ نظر آنیوالی اداکارہ لیزا ہیڈن (Lisa Haydon) کو اس فلم میں نرگس فخری کی جگہ مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق 1982میں ریلیز ہونے والی ہدایتکار باسو چیترجی کی سپر ہٹ فلم ’’شوقین‘‘ کے ریمیک جو اسی نام سے بنایا جارہا ہے کی ہدایات ابھشیک شرما دے رہیں اور لیزا ہائیڈن اکشے کمار کی محبوبہ کا کردار ادا کریں گی جو اس سے پہلے متھن چکرورتی اور رتی اگنی ہوتری نے کیا تھا جب کہ فلم میں تین بوڑھوں کا کردار انوپم کھیر پایوش مشرا اور انوکپور نبھائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اس ماہ کے آخر میں شروع ہوگی جب کہ اسے رواں برس ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔کنگنا رناوت کی بلاک بسٹر فلم ’’کوئین‘‘ میں معاون اداکارہ کا کردار نبھانے والی اداکارہ لیزاہیڈن کا کہنا ہے کہ میں فلم کوئین میں کنگنا رناوت کے ساتھ کام کرکے حاصل کرنیوالی خوشی سے لطف اندوز ہورہی ہوں اور مجھے مزید فلموں میں نظر آنے کی کوئی جلدی نہیں تھی اور اس لیے میں کسی مناسب اسکرپٹ کا انتظار کررہی تھی۔ ہدایتکار ابھشیک شرما نے جب مجھے سے اپنی فلم شوقین کے ریمیک کے لیے رابطہ کیا اور مجھے اس کا اسکرپٹ دکھایا تو ایسا لگا کہ میرا انتظار ختم ہوگیا ہے اور میں نے فوراً اس میں کام کرنے کی حامی بھر لی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ کوئین میں نے معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا جس پر نہ صرف مداحوں بلکی فلمی ناقدین کی طرف سے بھی میری پرفارمنس کو سراہا گیا اب مجھے موقع ملا ہے کہ میں 1982 کی سپر ہٹ فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا سکوں۔ ایک سوال کے جواب میں لیزاہیڈن کا کہنا تھا اکشے کمار بہت سینئر اداکار ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں اور یہ میرا پہلا موقع ہے کہ کسی سپراسٹار کے ساتھ مرکزی کردار میں کام کرنے جارہی ہوں۔ اپنی اس فلم کے لیے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے امید ہے جب اس کی عکس بندی شروع ہوگی تو مجھے فلم کی پوری کاسٹ سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور شائقین میری پرفارمنس کو سراہیں گے۔